ہم ایسے کبڑے ہیں جن کی پشت پہ مذہب کا بوجھ لدا ہوا ہے اور جن کے پیروں میں معاشرے کے کھڑاویں ہیں ۔
نہ تو ہم مذہب کا بوجھ اٹھانے کے اہل ہیں اور نہ ہی معاشرے کے کھڑاوں سے اپنے پیروں کو آزاد کر پاتے ہیں ۔
نتیجتاً ہماری چال میں لڑکھڑاہٹ ہے ۔ ۔ ۔
اس کبڑے پن نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا ۔ ۔
ہمارے پیچھے آنے والے ذہنی انتشار کا شکار ہیں ۔ ۔ ۔
ہمارے بہکے بہکے قدموں کے نشاں ان کے کسی کام کے نہیں ۔ ۔
ہماری غیر متوازن چال نے ہمیں مضحکہ خیز بنا ڈالا ہے ۔ ۔ ۔ہم میں سے کسی نے کبھی مذہب کی بوری میں سے فالتو اور
غیر ضروری سامان نکالنے کی کوشش ہی نہیں کی ۔ ۔
اور جس کسی نے بھی یہ کوشش کی ،اسے سولی چڑھا دیا گیا ۔ ۔
ہم اپنے بزرگوں کے عطا کردہ انتہا پسند مذہبی ورثے میں تحریف کرنے کو تیار ہی نہیں ۔ ۔
ہمیں کبڑا پن دل و جان سے قبول ہے ۔ ۔
ہم تو اپنے معاشرتی کھڑاویں تک بدلنے کو تیار نہیں ۔ ۔
پاؤں لہو لہان ہیں لیکن لکیر سے ہٹنے کو تیار نہیں ۔ ۔
پیچھے آنے والے ہمارے قدموں کے نشانات کی جگہ خون کے قطرے دیکھ کے انگشت بدنداں ہیں ، مایوسی ان کے روم روم پہ چھا رہی ہے ،ذہنی خلفشار نے ان کی حسیات مفلوج کر ڈالی ہیں ۔ ۔ ۔
ہم کبڑوں کے جانشین آدھے تیتر اور آدھے بٹیر ہیں ۔ ۔ ۔ ۔
کسی شاعر کیا خوب ہمارا نقشہ کھینچا ہے
مجھے کبڑا نہ سمجھو ،زندگی پر
میں ہنستے ہنستے دہرا ہو گیا ہوں
No comments:
Post a Comment